ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش کے ریوا میں ایک دوسرے کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش میں تین سگی بہنوں کی المناک موت

مدھیہ پردیش کے ریوا میں ایک دوسرے کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش میں تین سگی بہنوں کی المناک موت

Mon, 19 Dec 2022 20:32:14    S.O. News Service

ریوا 19 ڈسمبر (ایس او نیوز) ریاست  مدھیہ پردیش کے ریوا میں تین سگی بہنیں ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں نہر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں جن کی شناخت  ریشو ساکیت (18)،  رنو ساکیت (16) اور ریشما ساکیت (13) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ المناک واقعہ اتوار کو پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں بہنیں   سونورا-اٹورا کے درمیان سے گزرنے والی بنساگر ۔ڈیم کی ندی میں  کپڑے دھونے کے لئے پہنچی تھیں، کپڑے دھونے کے بعد   چھوٹی بہن نہانے کے لئے نہر میں اُتری تو اچانک اس کا پیر پھسل گیا اور وہ  گہرے پانی  والے حصے کی طرف گرکر ڈوبنے لگی، اسے ڈوبتا دیکھ کر  رنو ساکیت فوراً   اُسے بچانے کے لئے  آگے بڑھی، مگر وہ بھی  نہر میں ڈوبنے لگی، اپنی دو بہنوں کو ڈوبتا دیکھ کر سب سے بڑی بہن ریشوساکیت دونوں بہنوں کو بچانے کے لئے نہر میں کود پڑی اور نتیجتاً وہ بھی ندی میں غرق ہوگئی۔

تینوں کو ڈوبتا دیکھ کر نہر کے کچھ فاصلے پرموجود سندھیا راوت نامی  ایک خاتون ان  کی مدد کے لئے دوڑ پڑیں،  لیکن اُس کے  نہر تک پہنچنے تک دیر ہوچکی تھی اور تینوں بہنیں  ڈوب چکی تھیں، اس نے  لوگوں کو مدد  کے لئے پکارا، مگر جب کچھ نہ بن پایا تو  100 نمبر ڈائل کر کے پولس کو واقعے کی جانکاری دی۔

وشواودیالیہ  پولس تھانہ کو واقعے کی جانکاری ملتے ہی   پولس ٹیم جائے وقوع پر پہنچی  اور غوطہ خوروں کی مدد سے تینوں بہنوں کی لاشوں کو باہر نکالا گیا۔

پتہ چلا ہے کہ ان کے والد  شیوکمار ساکیت  اور  لڑکیوں کی والدہ دونوں مزدوری کا کام کرتے ہیں، صبح دونوں اپنے کام پر نکل گئے تھے اور گھر پر ان کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا تھا جس میں سے تین بیٹیاں کپڑے دھونے کے لئے قریبی  نہر میں چلی گئی تھی، جس کے دوران یہ دل کو دہلادینے والی واردات پیش آئی۔

وشواودیالیہ پولس اسٹیشن کے انچارج ودیاورید تیواری  نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ     تینوں بہنوں کی نعشیں  غوطہ خوروں  کی مدد سے نکالی گئی ہیں اور اس تعلق سے پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس  واقعے کی چھان بین کررہی ہے۔


Share: